ممبئی،18/جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) چیف کوچ روی شاستری کی مانگ کو قبول کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی)نے سابق فاسٹ بولربھرت ارون کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقررکیاہے،اس سے اس عہدے کو لے کر گزشتہ کئی دنوں سے چل رہی ڈرامائی صورتحال بھی ختم ہوگئی۔شاستری سال 2014سے 2016تک جب ہندوستانی ٹیم کے ڈائریکٹر تھے تب بھی ارون بولنگ کوچ تھے۔انہوں نے جلد ہی شروع ہونے والے ان کی دوسری مدت کے دوران بھی ارون کو ہی یہ ذمہ داری سونپنے کے لیے کہاتھا۔ارون کو دو سال کے معاہدے پر مقرر کرنے کا فیصلہ شاستری کی منتظمین کی کمیٹی((COAاورکارگزارصدر سی کے کھنہ اور سیکرٹری امیتابھ چودھری سمیت بی سی سی آئی حکام سے ملاقات کے بعدکیاگیا۔وجئے واڑہ کے بھرت ارون80کی دہائی میں بھارت کے لیے دوٹیسٹ اورچار ون ڈے میچزکھیل چکے ہیں۔انہوں نے دسمبر 1986میں سری لنکاکے خلاف کانپورمیں ٹیسٹ ڈیبیوکیاتھا۔اسی سال انہوں نے سری لنکا کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئرکاآغازکیاتھا۔ٹیسٹ کرکٹ میں 4اور ون ڈے میں ایک وکٹ ان کے نام پر درج ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ میں بھرت ارون نے بھلے ہی کم میچز کھیلے ہیں لیکن فرسٹ کلاس کرکٹ میں کھیلنے کا کافی تجربہ ان کے پاس ہے۔